لاہور: 21 جولائی: نئے کمپیوٹرائزڈ سسٹم میں مسائل اور دیگر وجوہات کی بناء پر ثانوی تعلیمی بورڈز کے زیر اہتمام میٹرک سالانہ امتحانات 2011 کے نتائج کا اعلان فی الوقت ملتوی کر دیا گیا ہے اور اطلاعات کے مطابق میٹرک امتحانات کے نتائج کا اعلان اب 4 اگست کو متوقع ہے۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب بورڈ آف چیئرمینز کمیٹی کی جانب سے صوبے بھر میں میٹرک سالانہ امتحانات 2011 کے نتائج کا اعلان اگرچہ آج کرنے کا اعلان کیا گیا تھا لیکن اکثر بورڈز میں نتائج کے مکمل تیار نہ ہونے کے باعث رزلٹ کے اعلان کو گزشتہ روز اچانک ملتوی کر دیا گیا ہے جب کہ ایک روز قبل تک کنٹرولر لاہور بورڈ منظور الحسن نیازی کا یہ دعوٰی تھا کہ رزلٹ کا اعلان 21 جولائی کو ہی کیا جائے گا۔
تاہم ذرائع کی جانب سے یہ مصدقہ اطلاعات تھیں کہ رزلٹ کا اعلان کسی صورت بھی 21 جولائی کو متوقع نہیں کیونکہ ابھی رزلٹ کے حوالے سے اکثر بورڈز میں بہت سی چیزیں باقی ہیں۔ اس کے علاوہ کئی بورڈز میں ابھی تک گزٹ کی چھپائی کا کام بھیابتدائی مراحل میں ہی ہے۔ یوں ان تمام مسائل کی وجہ سے رزلٹ کا آج اعلان کیا جانا بالکل ممکن نہیں۔ تاہم ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگر رزلٹ کا اعلان 41 اگست کو بھی کیا گیا تو اس میں بھی بہت سے امیدواروں کے نتائج لیٹر آن ہوں گے۔
لاہور بورڈکے ایک ہائی آفیشنل نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ درحقیقت سارے مسائل نئے کمپیوٹرائزڈ سسٹم کی وجہ سے ہوئے ہیں کیونکہ جب ہم کسی امیدوار کے رزلٹ کے بارے ڈیٹا دیتے تھے تو وہ اسے ایکسیپٹ ہی نہیں کرتا تھا جس کی وجہ سے سارا کام ٹھپ ہو کر رہ گیا اور اطلاعات کے مطابق یہ مسئلہ صرف لاہور بورڈ کے ساتھ نہیں بلکہ تمام بورڈز کے ساتھ درپیش تھا۔ یاد رہے کہ جب اس سے قبل میٹرک امتحان کی رول نمبر سلپ جاری کرنے کے وقت بھی غلط ہو گئی تھی اور کوئی لوگوں کو رول نمبر سلپ وقت پر نہیں مل سکی تھی۔ اس وقت اس نئے سسٹم پر خاصی تنقید کی گئی تھی مگر اس سسٹم کو متعارف کرانے والے آئی ٹی ماہر واجد نعیم خان کا کہنا تھا کہ ہر سسٹم میں ابتداء میں تھوڑی بہت کمی رہ جاتی ہے جو کہ وقت کے ساتھ ساتھ دور ہو جائے گی لیکن یہ کسی کو بھی معلوم نہیںتھا کہ یہ سسٹم بالکل ناکارہ ہے۔ دوسری جانب سیکرٹری ہائر ایجوکیشن حسیب اظہر کا کہنا ہے کہ میٹرک کے امتحانی نتائج کی نئی حتمی تاریخ کا اعلان آج کل میں کر دیا جائے گا۔
شکریہ وقت لاہور