راولپنڈی: 21 جولائی: فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ثمینہ امین قادر نے کہا ہے کہ یونیورسٹی میں کم تقریبات کرانے کی وجہ دہشت گردی اور ناکافی سیکیورٹی ہے۔ طالبات کی زندگی اولین ترجیح ہے۔ ڈسپلن، کوالٹی ایجوکیشن، میرٹ پر داخلے کا نصب العین ہے۔ یونیورسٹی کی فارغ التحصیل طالبات ملک کے تمام شعبوں میں چھائی ہوئی ہیں۔ یونیورسٹی میں گرلز ہاسٹل کے مسئلہ حل کرنے کےلئے کیمپس میں ہی جگہ تجویز کر لیگئی ہے۔ فنڈز کی کمی کے باعث یونیورسٹی کا نیا کیمپس تاخیر کا شکار ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وائس چانسلر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی رسک کی وجہ سے تقریبات منعقد نہیں کی جاتیں۔ سول روکس کی بلڈنگ میں ہمارا ایک ہاسٹل کام کر رہا ہے جس میں 70 بچیوں کی گنجائش ہے ۔ ہم نے طالبات کو دینے کے لئے 12 پرائیویٹ بلڈنگز کرائے پر لے رکھی ہیں جس میں 300 بچیوں کی گنجائش ہے جب کہ اس وقت اس میں 230 کے قریب طالبات زیر رہائش ہیں۔ چکری میں نئے کیمپس کے قیام میں رکاوٹ فنڈز کی کمی ہے۔ یہ کیمپس 300 ایکڑ زمین پر واقع ہو گا جس کی چار دیواری بنانے کی منظوری مل چکی ہے۔ نئے کورسز کے لئے مزید پی ایچ ڈیز کی ضرورت ہے۔ اس وقت 28 پروفیسرز پی ایچ ڈی کے لئے بیرون ملک گئے ہوئے ہیں۔
\
شکریہ ایکسپریس اسلام آباد میٹروپولیٹن