Demonstrations and Protest by FAPUASA

لاہور: 23 جولائی: زکریا یونیورسٹی ملتان، سرگودھا یونیورسٹی، یونیورسٹی آف ایجوکیشن اور جی سی یونیورسٹی لاہور میں پنجاب حکومت کی جانب سے وائس چانسلرز کے تقرری میں غیر ضروری تاخیر کے خلاف فیڈریشن آف آل پاکستان یونیورسٹیز اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن۰فپواسا) کی کال پر مذکورہ یونیورسٹیوں یں گزشتہ روز اساتذہ نے مظاہرے کئے۔ اور یوم سیاہ منایا جب کہ اس ضمن میں لاہور پریس کلب کے باہر مظاہرہ بھی کیا گیا جس کی صدارت فیڈریشن کے مرکزی سیکرٹری جنرل پروفیسر ڈاکٹر ظفر نون اور صوبائی صدر ڈاکٹر مہر سعید اختر نے کی۔
مظاہرین نے کہا کہ جب تک حکومت کی جانب سے ملک کی ان اہم یونیورسٹیوں میں وائس چانسلر تعینات نہیں کئے جاتے اس وقت تک ان متاثرہ یونیورسٹیوں میں احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا جب کہ29 جولائی کو فیڈیریشن کے اجلاس کے بعد ہم اپنے احتجاج کو توسیع دیتے ہوئے پہلے صوبے اور پھر ملکی سطح پر لے کر جائیں گے۔ اس موقع پر وزیراعلی، گورنر ہاوس اور محکمہ ہائر ایجوکیشن کمیشن کا بھی گھیراو کیا جائے گا۔
فیڈریشن کے مرکزی سیکرٹری جنرل پروفیسر ڈاکٹر ظفر نون اور صوبائی صدر مہر سعید اختر نے کہا کہ پنجاب کی 4 جامعات میں گزشتہ 7 ماہ سے وائس چانسلر نہیں لگائے گئے جب کہ سرچ کمیٹی نے میرٹ پر ان کی سلیکشن بھی کی ہے مگر گورنر اور وزیراعلی کی لڑائی کی وجہ سے فیصلہ نہیں کیا جا رہا ہے۔ وائس چانسلرز کے بغیر یونیورسٹیوں کا تعلیمی و انتظامی عمل بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔ میرٹ پر فی الفور وائس چانسلرز تعینات کئے جائیں جب کہ وائس چانسلرز کی تقرری کا پرانا طریقہ بحال ہونا چاہیئے۔ اطلاعات کے مطابق ملتان میں اس ضمن میں مظاہرہ ہوا جس کی قیادت فپواسا کے صوبائی سیکرٹری ڈاکٹر عبدالقدوس صہیب نے کی جس میں انہوں نے آج زکریا یونیورسٹی میں مکمل ہڑتال کا اعلان کیا ہے جب کہ سرگودھا یونیورسٹی میں ہونے والے مظاہرے کی قیادت ڈاکٹر الیاس طارق نے کی۔

شکریہ وقت لاہور