لاہور: 13 جون: پنجاب ایجوکیشن فاونڈیشن کے ہر پارٹنر سکولوں میں 10 خصوصی بچوں کو داخلہ دیا جائے گا تاکہ خصوصی اور نارمل بچے مل کر پڑھیں۔ اس پروگرام کا مقصد نارمل انسانوں کو خصوصی بچوں کے ساتھ سماجی رویہ بہتر بنانے کی جانب مائل کرنا ہے۔ لاہور سے شروع ہونے والے اس پائلٹ پراجیکٹ کے تمام اخراجات پنجاب ایجوکیشن فاونڈیشن برداشت کرے گی۔ یہ بات چیئرمین پنجاب ایجوکیشن فاونڈیشن راجہ انور نے سن رائزنگ انسٹی ٹیوٹ برائے خصوصی بچگان کینٹ میں منعقدہ ٹیچرز ٹریننگ ورکشاپ کے شرکاء میں تقسیم اسناد کی تقریب سے خطاب میں کہی۔
راجہ انور نے کہا کہ پاکستان کی 10 فیصد معذور آبادی کو نارمل زندگی بسر کرنے کے قابل بنانا ہو گا ۔ اس منصوبہ کے ذریعے غریب گھرانوں کے معذوری کا شکار بچوں کو معیاری تعلیمی سہولیات میسر آئیں گی جس سے وہ معاشرہ کا کارآمد فرد بن سکیں گے۔ ورکشاپ سے انسٹی ٹیوٹ کے سربراہ پروفیسر عبدالتواب اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ آخر میں سرٹیفکیٹس تقسیم کئے گئے۔
شکریہ ایکسپریس لاہور میٹروپولیٹن
Comments
Post new comment