بہاولپور: 27 جون: وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور پروفیسر ڈاکٹر محمد مختار نے کہا ہے کہ مائیکروفنانس بینکنگ کے ذریعے ہماری دیہی معیشت میں ایسا انقلاب لایا جا سکتا ہے جیسا کہ برادر اسلامی ملک بنگلہ دش میں نوبل انعام یافتہ ماہر معاشیات ڈآکٹر محمد یونس نے گرامین بنک کے ذریعے رونما کر کے دکھایا۔ مقامی دستکاروں اور ہنر مندوں خصوصا خواتین کو اپنا کاروبار آگے بڑھانے کے لئے بنکوں کی طرف سے دی گئی قرضوں کی سہولت انتہائی اہمیت کی حام ہیں۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد مختار اسٹیٹ بنک آف پاکستان بہاولپور کے زیر اہتمام مائیکرو فنانس بینکوں و بینکرز کلب بہاولپور کے اشتراک سے منعقدہ ایک روز مائیکرو فنانس میلے کے افتتاح کے موقع پر بینکاروں، صنعتکاروں ، ہنرمند افراد اور طلباء سے خطاب کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ چولستانی مصنوعات اور ہینڈی کرافٹس بنانے والے ہنرمند اور دستکاروں کو اپنے کاروبار کی مارکیٹنگ کے لئے نہ صرف خصوصی تربیت دی جائے بلکہ آسان شرائط پر قرضے بھی فراہم کئے جائیں۔ اسی طرح ہم اپنے صدیوں پرانے ورثے کو محفوظ رکھ سکتے ہیں جو ہماری شناخت اور پہچان ہے۔ انہوں نے کہا کہ معیشت میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاوربار انتہائی اہم ہیں جو نہ صرف روزگار کے مواقع فراہم کرتے ہیں بلکہ ملک کے لئے وافر زرمبادلہ بھی کما کر دے سکتے ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر چولستانی پودوں کی طبی اور نباتاتی اہمیت بھی بیان کی اور کہا کہ ان سے ایسی ادویات تیار کی جا سکتی ہیں جو پوری دنیا میں کہیں دستیاب نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کا کالج آف ارٹ اینڈ ڈیزائن مقامی دستکاریوں کو محفوظ بنانے اور ان کے فروغ کے لئے اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔ اس سلسلے میں بنکوں اور مالیاتی اداروں کو آگے بڑھ کر ان فنون کی سرپرستی کرنی چاہیئے۔
سٹیٹ بنک آف پاکستان بہاولپور کے چیف منیجر چوہدری خادم حسین نے اپنے خطاب میں کہا کہ مائیکرو فنانس میلے کا مقصد چھوٹے کاروباری اداروں اور کم آمدنی والے افراد کو مائیکرو فنانس کے بارے میں آگاہ کرنا ہے۔ سٹیٹ بنک آف پاکستان دیگر بنکوں کے ساتھ ملکی معیشت کی بہتری کے لئے اپنا کردار احسن طریقے سے ادا کر رہا ہے
اور مالیاتی اور غیر مالیاتی اداروں کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کر رہا ہے۔ اس مقصد کے لئے ڈویلپمنٹ فنانس سپورٹ ڈیپارٹمنٹ کو فعال بنایا گیا ہے جو کہ کاروباری افراد، کسانوں، غیر سرکاری تنظیموں، چیمبر آف کامرس و انڈسٹریز، تعلیمی اداروں اور حکومتی اداروں کے درمیان روابط پیدا کر کے معاشی ترقی کی نئی راہیں ہموار کر رہا ہے۔ اس مقصد کے لئے بہاولپور میں ایک زرعی میلہ اور رحیم یار خان میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار سے وابستہ افراد کے لئےخصوصی سیمینار منعقد کئے گئے۔ بہاولپور چیمبر آف کامرس کے صدر چوہدری محمد علی نے اپنے خطاب میں کہا کہ بینک کم شرح سود پر قرضے فراہم کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ مستفید ہو سکیں۔ اس موقع پر نیشنل بنک آف پاکستان کے ریجنل ہیڈ راو ذوالفقار اور جنرل منیجر بزنس غلام رسول پراچہ بھی موجود تھے۔ مقامی مائیکرو فنانس کے بنکوں کے نمائندوں نے اپنے اداروں کی جانب سے فراہم کی گئی قرضوں کی سہولیات کے بارے میں آگاہ کیا۔ قبل ازیں وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور پروفیسر ڈاکٹر محمد مختار نے مقامی مصنوعات اور دستکاری ہینڈی کرافٹس کے سٹالوں پر مشتمل نمائش کا افتتاح کیا۔ نمائش میں چنری، بلاک پرنٹنگ، کشیدہ کاری اور کھڈی سے تیار شدہ ٹیکسٹائل مصنوعات خصوصی توجہ کا مرکز تھیں۔
شکریہ آئی یو بی ویب سائٹ
Comments
Post new comment